نئی دہلی ، 29؍ستمبر ( آئی این ایس انڈیا ) منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ مرکزی وزرا انوراگ ٹھاکر اور پیوش گوئل نے آج ان فیصلوں سے آگاہ کیا۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کابینہ نے پی ایم ’پوشن یوجنا‘ نامی اسکیم کو گرین سگنل دیا ہے ، جس کے تحت ملک بھر میں 11.2 لاکھ سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں میں مڈ ڈے میل دیا جائے گا۔ یہ اسکیم پانچ سال تک چلے گی اور اس کے لیے 1.31 لاکھ کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مڈ ڈے میل کے بقیہ اسکیم کو پی ایم نیوٹریشن اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ یہ اسکیم ریاستی حکومت کے تعاون سے چلائی جائے گی ، لیکن مرکزی حکومت اس میں زیادہ حصہ ڈالے گی۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ایم پی کے یمچ-رتلام لائن ایک ہی لائن ہے، اس لائن کو ڈبل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس 133 کلومیٹر لائن پر تقریباً 196 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔وہیں گجرات میں راج کوٹ کنالوس لائن کو بھی ڈبل لائن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔
اس 111 کلومیٹر لائن پر 1080 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی، ان دو لائنوں کی تعمیر سے صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ یہ دونوں ریلوے لائنیں تین سال میں مکمل ہوں۔ اس کے ساتھ کابینہ نے ای سی جی سی لمیٹڈ کی بھی منظوری دی۔ اس کیلئے 4400 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ، جس کے تحت نہ صرف برآمد کنندگان بلکہ بینکوں کی بھی مدد کی جائے گی۔ اس سے 59 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ پیوش گوئل نے کہا کہ کابینہ نے اسٹاک ایکسچینج میں آئی پی او کے ذریعے ایکسپورٹ کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن لمیٹڈ کی منظوری دی ہے۔ا س کی لسٹنگ کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر ای سی جی سی اگلے سال اسٹاک مارکیٹ میں درج ہو جائے۔